ہوشیار ! ڈپارٹمنٹل اسٹورس میں بھی کورونا وائرس پھیل سکتا ہے

   

ہوا کے اخراج کا سنٹرلائزڈ نظام ذرات کے تحلیل ہونے میں معاون نہیں۔ کھلی دوکانات کو ترجیح دینے کی سفارش : اسٹڈی

حیدرآباد 12 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اگر آپ اب بھی اپنے گھر کا ساز و سامان خریدنے کیلئے معمول کے مطابق مقررہ ڈپارٹمنٹل اسٹور ہی جاتے ہیں تو آپ کیلئے کسی کھلی دوکان میں جا کر یہ خریداری کرنا زیادہ بہتر خیال ہوسکتا ہے ۔ خاص طور پر کورونا وائرس کے پھیلاو کے اس دور میں زیادہ سے زیادہ احتیاط کو اہمیت دی جا رہی ہے تو مختلف پہلووں کو زیر غور رکھنا بھی ضروری ہے ۔ فن لینڈ کی ایک ریسرچ آرگنائزیشن نے ایک نئے ماڈل کے ساتھ ایک اسٹڈی تیار کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ چھینکتے یا کھانستے ہیں یا پھر بات چیت بھی کرتے ہیں تو ان کے منہ سے جو فضاء میں پھیلنے والے عنصر ہوتے ہیں وہ ایسے ہوتے ہیں کئی منٹ تک فضاء میں برقرار رہتے ہیں ۔ یہ ہوا کے ساتھ کچھ فاصلہ بھی طئے کرسکتے ہیں اور ہوا میں کچھ منٹ تک باقی رہ سکتے ہیں۔ جو تجربہ اس اسٹڈی کیلئے تیار کیا گیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ ہوا کے اخراج کے ایک سنٹرلائزڈ نظام والے اسٹور کا انتخاب کرتے ہوئے یہ اسٹڈی تیار کی گئی ہے ۔ ایسے ماحول میں ایک کونے سے دوسرے کونے تک فضاء میں پھیلنے والے عناصر کو مکمل روکنے کا کوئی نظم نہیں ہوتا ۔ سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ جو عناصر کسی کے چھینکنے ‘ کھانسنے یا پھر بات بھی کرنے سے ہوا میں خارج ہوتے ہیں وہ وائرس وغیرہ پھیلانے کا باعث بھی بن سکتے ہیں اور ان کے ذریعہ کووڈ 19 کا پھیلاو بھی ممکن ہوسکتا ہے ۔ اس اسٹڈی کو تیار کرنے والے ریسرچ اہرین نے سی ایس سی کی جانب سے فراہم کردہ سوپر کمپیوٹر استعمال کیا تھا اور ہر ممکن احتیاط کے ساتھ اپنی یہ رپورٹ تیار کی ہے ۔ سائینس دانوں اور ریسرچ کرنے والوں نے جو اسٹڈی کی ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ گھریلو ضروریات کا سامان فروخت کرنے والے جو ڈپارٹمنٹل اسٹور ہوتے ہیں ان میں ہوا کے اخراج کا سنٹرلائزڈ نظآم ہوتا ہے تاہم کسی کے کھانسنے یا چھینکنے سے ہوا میں جو ذرات خارج ہوتے ہیں وہ 20 مائیکرو میٹرس سے بھی چھوٹے ہوتے ہیں اور یہ نہ فلور پر گر کر ختم ہوتے ہیں اور نہ ہی بحیثیت مجموعی اخراج کے نظام سے باہر نکل جاتے ہیں۔ ان میں یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ کچھ منٹ تک ہوا میں برقرار رہتے ہیں اور ان کے ذریعہ مختلف بیماریاں یا وائرس بھی پھیل سکتا ہے اور یہ کورونا وائرس بھی ہوسکتا ہے ۔ اس اسٹڈی کے ذریعہ یہ رائے دی گئی ہے کہ جو لوگ ڈپارٹمنٹل اسٹور جاکر گھریلو ضروریات کا سامان خریدتے ہیں ان کیلئے بہتر یہ ہوتا ہے کہ وہ کسی ایسی دوکان پر جائیں جہاں کھلی فضاء ہو اور یہ ذرات آسانی سے ہوا میں تحلیل ہوجائیں۔