ہوم آئسولیشن کے مریضوں سے وزیر پنچایت راج کا ٹیلیفون پر ربط

   

حکومت سے ہر ممکن علاج کا تیقن، افراد خاندان سے دیاکر راؤ کی بات چیت
حیدرآباد: وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے ورنگل میں کورونا سے متاثرہ ہوم آئسولیشن میں موجود مریضوں اور ان کے افراد خاندان سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ ربط قائم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے علاج کی بہتر سہولتوں کا تیقن دیا۔ دیاکر راؤ نے ورنگل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں سے ربط قائم کرتے ہوئے علاج کے سلسلہ میں بھروسہ دلانے کی مہم شروع کی ہے ۔ وہ مریضوں کے علاوہ ان کے افراد خاندان سے بات چیت کرتے ہوئے جلد صحت یاب ہونے کی امیدیں وابستہ کر رہے ہیں۔ وزیر پنچایت راج کی اس منفرد مہم کی ہر گوشے سے ستائش کی جارہی ہے ۔ دیاکر راؤ نے کورونا کے متاثرین کو بھروسہ دلایا کہ وہ بہت جلد صحت یاب ہوں گے ۔ انہوں نے مریضوں سے کہا کہ دوائی سے زیادہ خود اعتمادی بہتر علاج ہے۔ ہر مریض کو مکمل خود اعتمادی کے ساتھ کورونا کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں بھروسہ اور اعتماد پیدا کرتے ہوئے جلد صحت یاب ہونے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ خانگی دواخانوں طرح سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتیں موجود ہیں۔ وزیر پنچایت راج نے متاثرین سے کہا کہ وہ کسی بھی مدد کے سلسلہ میں ان سے اور ان کے ماتحت عہدیداروں سے ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ضلع کے مجالس مقامی کے نمائندوں اور محکمہ صحت اور پنچایت راج کے عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی اور انہیں مریضوں کی صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔