ہوم گارڈ عمران نے حاملہ خاتون کو دواخانہ پہونچایا ‘ ہر گوشہ سے ستائش

   

حیدرآباد ۔ 27 ستمبر ( سیاست نیوز) طوفان گلاب میں گلاب کی طرح اپنی خدمات سے مہک چھوڑنے والا عمران محکمہ پولیس میں ہوم گارڈ ہے ۔ حاملہ خاتون کی انتہائی نازک موقع پر مدد کرنے والا یہ ہوم گارڈ سوشل میڈیا پر چھا گیا ، ہر طرف اس فرض شناس ہوم گارڈ کی تعریف کی جارہی ہے ۔ محکمہ پولیس کی کارکردگی سے ناخوش اور ناراض عوام بھی اس کی ستائش پرمجبور ہیں ۔ شدید بارش سے شہر کے حالات سنگین تھے اور کئی مقامات پر خطرناک صورتحال تھی ایسے میں ایک خاتون جو حاملہ ہے اس کو ہاسپٹل کی ضرورت پڑ گئی اور اس کے افراد خانہ نے ہر طرح کوشش کے بعد ڈائیل 100کا سہارا لیا اور فون کیا ۔ ڈائیل 100 پر فون کال حاصل ہونے کے بعد عمران خان فوری اس مقام پر پہنچا اور اس نے اس حاملہ خاتون کی مدد کی اور خاتون کو اپنے بازوں میں اٹھاکر گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا ۔عمران خان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی مسرت سے سرشار ہوگئے اور ریاستی پولیس کے سربراہ نے بھی اس ہوم گارڈ کی خدمات کی ستائش کردی جو اس کیلئے ایک اعزاز ہے ۔’اے ‘