ہیتی میں مسلح گروپس اور سیکورٹی فورسس کے درمیان تصادم،70ہلاک

   

آرتی بونائیٹ : ہیٹی میں گزشتہ 2 دنوں میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح گروپس کے درمیان جھڑپوں میں 70 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ملک کے آرتی بونائت شہر کے پورٹ سونڈے قصبے پر دھاوا بولنے والے جتھے کے ارکان کی پولیس سے جھڑپ ہوئی۔گزشتہ دو دنوں میں 70 لوگوں کی جانیں گئیں اور کئی لوگ زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔’گران گریف‘نامی جتھے کے ارکان نے 45 مکانات اور 34 گاڑیوں کو نذرِ آتش کردیا اور علاقے کے مکینوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا۔اقوام متحدہ کے ہیٹی دفتر کے ترجمان تھمین الخیتان نے بتایا کہ گران گریف کے ارکان نے خودکار ہتھیاروں سے لوگوں پر فائرنگ کی، انہوں نے علاقے میں اضافی کمک بھیجنے کا مطالبہ کیا۔2024 کے آغاز سے اب تک مسلح گروہوں کے حملوں کے نتیجے میں کل 3,900 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے 1374 گزشتہ 6 ماہ میں اپنی جان گنوا بیٹھے۔11 ملین آبادی کا حامل ہیٹی، جو برسوں سے سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے بحران جیسے بنیادی مسائل سے نبرد آزما ہے، کو قحط کا خطرہ درپیش ہے۔