ہیرا نگر آپریشن:عسکریت پسندوں کی تلاش چوتھے روز بھی جاری

   

جموں: جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر کے سنیال گائوں میں چھپے ملی ٹنٹوں کی تلاش کیلئے چہارشنبہ کو مسلسل چوتھے روز بھی وسیع پیمانے پر کثیر سطحی آپریشن جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز علاقے میں تمام مشتبہ ٹھکانوں کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی اور نگرانی کے آلات سے لیس فوج، این ایس جی، بی ایس ایف، پولیس، اسپیشل آپریشن گروپ، اور سی آر پی ایف پر مشتمل گروپس آپریشن چلا رہے ہیں اور اس آپریشن کو ہیلی کاپٹر، یو اے وی، ڈرون، بلٹ پروف گاڑیوں اور سنفر ڈاگ کی مدد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موقع پر موجود تلاشی آپریشن کی نگرانی رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ملی ٹنٹوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے اتوار کو ہیر انگر کے سنیال علاقے کو محاصرے میں لے کر وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس دوران وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا تھا جس کے بعد طرفین کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا۔حکام نے بتایا کہ علاقے میں محصور ملی ٹینٹوں کی تلاش کے لیے این ایس جی اور پیرا کمانڈوز کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔اتوار کے روز جنگل میں بالن اکٹھا کرنے گئی خواتین نے نرسری میں ملی ٹینٹوں کو دیکھا اور اس بارے میں فوج کو اطلاع دی۔