ہیلی کاپٹر اور طیارہ کے حادثات میں سابق میں کئی اہم شخصیتوں کی موت

   

راج شیکھر ریڈی، بالا یوگی، مادھو راؤ سندھیا اور فلم ایکٹریس سوندریا شامل
حیدرآباد۔/8 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت نے ملک میں ہیلی کاپٹر اور طیارہ کے حادثہ میں کئی اہم شخصیتوں کی ہلاکت کی یاد تازہ کردی ہے۔ جنرل بپن راوت اور دیگر 13 افراد ٹاملناڈو میں آج حادثہ کا شکار ہوگئے۔ سابق میں اس طرح کے حادثات میں کئی اہم شخصیتوں نے اپنی جان گنوائی جن میں متحدہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی، اسپیکر لوک سبھا جی ایم سی بالا یوگی اور سنجے گاندھی شامل ہیں۔ وائی ایس راج شیکھر ریڈی 2 ستمبر 2009 کو چتور کے دورہ پر روانہ ہوئے تھے اور ہیلی کاپٹر نلا ملا جنگلات میں حادثہ کا شکار ہوگیا تھا۔ ان کے ساتھ دیگر 5 افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔ جی ایم سی بالا یوگی جو تلگودیشم پارٹی کے قائد اور لوک سبھا کے اسپیکر تھے 3 مارچ 2002 کو ہیلی کاپٹر حادثہ میں مغربی گوداوری ضلع میں ہلاک ہوگئے تھے۔ ارونا چل پردیش کے چیف منسٹر بی کھنڈو کی 30 اپریل 2001 کو ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت واقع ہوئی تھی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر مادھو راؤ سندھیا کی 30 ستمبر 2001 کو طیارہ کے حادثہ میں ہلاکت ہوئی۔ سنجے گاندھی 23 جون 1980 کو دہلی میں طیارہ کے حادثہ میں ہلاک ہوئے تھے۔ ہریانہ کے ریاستی وزیر او پی جندل 31 مارچ 2005 کو ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک ہوئے تھے۔ تلگو فلم ایکٹریس سوندریا کی 17 اپریل 2004 کو بنگلور میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت واقع ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ مجاہد آزادی سبھاش چندر بوس کی 18 اگسٹ 1945 کو طیارہ کے حادثہ میں موت واقع ہوئی تھی۔ر