حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر ہینڈلومس اینڈ ٹکسٹائیلز کے ٹی راما راؤ نے کل ہینڈلوم پراڈکٹس پر پانچ فیصد جی ایس ٹی نافذ کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف احتجاجاً ایک پوسٹ کارڈ مہم کا آغاز کیا ۔ حلقہ اسمبلی ابراہیم پٹنم میں منے گوڑہ میں پدماشالی کمیونٹی کے زیر اہتمام ایک جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں وزیراعظم نریندر مودی کو ایک پوسٹ کارڈ روانہ کررہے ہیں اور عوام پر زور دیا کہ وہ اس مسئلہ پر لاکھوں کی تعداد میں وزیر اعظم کو پوسٹ کارڈس روانہ کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروائیں ۔ ہینڈلوم اشیاء پر جی ایس ٹی نافذ کرنے کے فیصلہ سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے تیقن دیا کہ ریاستی حکومت روایتی بافندوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے موجودہ قوانین میں ترمیم کرے گی ۔ یہ کہتے ہوئے کہ ریاستی حکومت نے بافندوں کی فلاح و بہبود کے لیے 5,752 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کی تقسیم سے پہلے ٹکسٹائیل شعبہ کے لیے بجٹ 70 کروڑ روپئے تھا اب حکومت تلنگانہ نے 1200 کروڑ روپئے تک اس میں اضافہ کیا ہے ۔ ریاستی حکومت دھاگہ پر 40 فیصد سبسیڈی بھی فراہم کررہی ہے ۔