ہینڈلوم اشیاء پر جی ایس ٹی کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی ذمہ دار

   


کے ٹی آر کی پوسٹ کارڈ مہم انتخابی حربہ، منوگوڑ میں اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/25 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں بافندوں کی ابتر صورتحال کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی دونوں کو یکساں طور پر ذمہ دار قرار دیا۔ اتم کمار ریڈی نے منوگوڑ ضمنی چناؤ کے ضمن میں انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے مختلف علاقوں میں جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے وزیر صنعت کے ٹی آر کی جانب سے ہینڈلوم پراڈکٹس پر جی ایس ٹی کے خلاف پوسٹ کارڈ مہم کے آغاز کو مضحکہ خیز قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی چناؤ کے پیش نظر ٹی آر ایس نے سیاسی حربہ استعمال کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جس وقت مرکز کی بی جے پی حکومت نے ہینڈلوم پراڈکٹس بطور خاص کھادی ہینڈلوم، ہینڈری کرافٹس، میاٹس اور دیگر اشیاء پر یکم جولائی 2017 سے جی ایس ٹی نافذ کیا تھا اس وقت ٹی آر ایس حکومت نے نہ صرف وزیر اعظم نریندر مودی کا دفاع کیا بلکہ کانگریس پارٹی کو احتجاج سے روک دیا۔ چیف منسٹر کے سی آر جی ایس ٹی کے حق میں پیش پیش رہے۔ اب جبکہ منوگوڑ میں ضمنی چناؤ کی مہم جاری ہے ٹی آر ایس قائدین پوسٹ کارڈ اور آن لائن دستخطی مہم کا ڈرامہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس امیدوار پی شراونتی کے حق میں انتخابی مہم چلائی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے ٹی آر نے ہینڈلوم پراڈکٹس پر جی ایس ٹی کے خلاف ٹوئٹر اور دیگر سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنا احتجاج درج کیوں نہیں کرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ہینڈلوم کی حیثیت سے کے ٹی آر نے اس مسئلہ پر مرکز کو ایک بھی مکتوب روانہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر مرکز سے نمائندگی سے گریزاں ہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اگر واقعی ٹی آر ایس حکومت اپنے مطالبہ میں سنجیدہ ہے تو ریاستی حکومت کو چاہیئے کہ ہینڈلوم پراڈکٹس پر جی ایس ٹی کے بوجھ کو ریاستی حکومت کی جانب سے سبسیڈی میں تبدیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی چناؤ میں کامیابی کیلئے یہ مطالبہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ پرائمری ہینڈلوم ویورس کوآپریٹیو سوسائٹیز کو نظرانداز کرنے کی وجوہات بیان کریں کیونکہ یہ سوسائٹیز ہینڈلوم انڈسٹری کی ترقی میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے ہینڈلوم اشیاء پر جی ایس ٹی سے مکمل دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ر