ہیومن رائٹس واچ کے نمائندوں کو جاری ویزے منسوخ

   

مناما : بحرین نے ہیومن رائٹس واچ کے نمائندوں کو ایک بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کیلئے جاری کردہ ویزے منسوخ کر دیے۔ 2012 کے بعد یہ پہلا موقع ہوتا کہ ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) کے نمائندے خلیجی ملک آتے۔ ہفتہ سے بحرین میں بین الاقوامی پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے 146ویں اجلاس کا آغاز ہو گا۔ ایچ آر ڈبلیو کو بین الاقوامی پارلیمانی یونین میں مستقل مبصر کی حیثیت حاصل ہے اور اس کے افسران کو رواں برس کے آغاز میں ہی ویزے جاری کیے گئے تھے۔ ہیومن رائٹس واچ نے چند روز قبل کانفرنس کے شرکاء￿ سے بحرین میں انسانی حقوق کے خلاف جبری اقدامات پر آواز اٹھانے کی بات کی تھی۔ انٹرنیشنل پارلیمنٹری یونین (آئی پی یو) کا کہنا ہے کہ ہماری معلومات کے مطابق بحرینی حکام نے ویزے منسوخ کیے ہیں۔ آئی پی یو ترجمان نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ کے علاوہ کسی وفد کے ویزے منسوخ نہیں کیے گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بحرینی حکومت کے رابطہ کار دفاتر نے اس معاملے پر کیے گئے سوال کا جواب نہیں دیا۔ ہیومن رائٹس واچ کے ترجمان نے کہا کہ ان کے نمائندوں کو 2012 سے بحرین میں داخل نہیں ہونے دیا جاتا۔