حیدرآباد ۔ ہیڈفونز کے استعمال اور تیز آواز والی تقریبات میں شریک ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک ارب نوجوان افرادکی سماعت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ برٹش میڈیکل جرنل گلوبل ہیلتھ میں شائع ہونے والے تجزیے میں انگریزی، ہسپانوی، فرنچ اور روسی زبانوں پر مشتمل 33 تحقیقات کا جائزہ لیا گیا جس میں 12سے 34 سال کی عمر کے 19 ہزار شرکا نے اظہار خیال کیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 24 فیصد نوجوان افراد غیرمحفوظ طریقے سے ہیڈفونز استعمال کرتے ہیں۔ میڈیکل یونیورسٹی آف ساؤتھ کیرولائنا کی آڈیولوجسٹ لورین ڈلرڈ نے کہا کہ سماعت متاثر ہونے سے بچاؤ کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ ہیڈفونز کی آوازکم رکھی جائے اور مختصر وقفوں کے دوران استعمال کیا جائے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 43 کروڑ افراد سماعت سے محروم ہیں، تخمینے کے مطابق 2050 تک یہ تعداد 70 کروڑ ہوجائے گی۔ علاوہ ازیں ہیڈفون کے نقصانات جو سامنے آئے ہیں وہ حیران کن ہیں ۔ ہیڈفون کے استعمال سے جو نقصانات اپنے کانوں اور دماغ کو ہوتے ہیں وہ مندرجہ ذیل ہیں؛
سماعت کا نقصان: سماعت کا مطلب ہے سننا ہم اس کی وجہ سے دن اور رات میں ہزاروں آوازیں سنتے ہیں،ہم پرندوں کے چہچہانے کی آواز کے ساتھ ساتھ اپنی ماں کی آواز سنتے ہیں ۔سوچیں اگرہم ان تمام آوازوں سے محروم ہوجائیں تو کیا ہوگا۔اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ ان سے بچیں رہیں توآپ ان ہیڈفونزکا استعمال بہت کم کردیں۔ ہیڈفون زیادہ استعمال کی وجہ سے ہم سماعت کھوسکتے ہیں۔ہیڈ فون کے زیادہ استعمال کی وجہ سے ہمارے کانوں کے خلیوں کو نقصان پہنچتا ہے۔جس وجہ سے ہم عارضی یا مستقل طور پر سننے کی حس سے محروم ہوسکتے ہیں۔اس لئے ہیڈفون کا استعمال کم نہیں بلکہ ختم کریں تاکہ آپ کے بچے بھی اس نقصان سے بچ سکیں۔کان میں انفیکشن: اگرہم ہیڈ فون کا زیادہ استعمال کرتے ہیں تو اس کی وجہ سے ہمارے کانوں میں انفیکشن ہوسکتا ہے۔ان کے زیادہ استعمال کی وجہ ہمارے کانوں میں سے ہوا کا گزر ختم ہوجاتا ہے۔جس کی وجہ سے بیکٹریا کی نشوونماہوتی ہے۔ اس کے علاوہ جب ہم ایک دوسرے کے ایر فون کا استعمال کرتے ہیں تو جراثیم کا تبادلہ ہوتا ہے۔جس وجہ سے انفیکشن کے بڑھنے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔یہ انفیکشن سنگین صورت بھی اختیار کرسکتا ہے۔اس لئے اس سے بچنے کے لئے نہ تو اپنے ہیڈ فون کا تبادلہ کریں،اور نہ ہی ان کا زیادہ استعمال کریں۔چکرآنا: ہمیں چکر آنا ایسی حالت ہے جس میں ہم اپنا توازن کھوبیٹھتے ہیں۔جب ہم زیادہ موبائل فون کا استعمال کرتے ہیں یا ہیڈ فون کو لگاکر وڈیو گیمزکھیلتے ہیں تو تب بھی یہ ممکن ہے۔جو افراد ان کا زیادہ استعمال کرتے ہیں وہ ایسی مشکل کا شکار ہوسکتے ہیں۔ان کے زیادہ استعمال کی وجہ سے ہمارے کانوں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے جس وجہ سے ہم اس مشکل میں پڑتے ہیں۔کان میں درد: اگرآپ بہت عرصے سے ہیڈفون کا استعمال کررہے ہیں تو آپ زیادہ نقصان اٹھا سکتے ہیں۔ زیادہ شور کی وجہ سے ہمارے کان کے اندرونی حصے میں درد رہ سکتا ہے۔اس لئے ہیڈ فون کا استعمال ترک کریں اور درد سے محفوظ رہیں۔