حیدرآباد ۔28 ۔ نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے پرجا سنگرام یاترا کے نتیجہ میں بھینسہ میں صورتحال بگڑنے کے اندیشوں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ حکومت جان بوجھ کر یاترا میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے۔ ہائیکورٹ کے فیصلہ کے بعد کریم نگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ پولیس نے یاترا کے پہلے مرحلہ کی اجازت دی تھی لیکن پانچویں مرحلہ کی اجازت سے انکار ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک پرجا سنگرام یاترا کے چار مرحلہ پرامن اور جمہوری انداز میں مکمل ہوچکے ہیں۔ ریاستی حکومت پانچویں مرحلہ کو کسی بھی طرح روکنا چاہتی ہے۔ لہذا ہائیکورٹ کا سہارا لینا پڑا۔ انہوں نے ہائی کورٹ کی جانب سے یاترا کی اجازت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق یاترا منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نرمل کی تاریخی مندر میں خصوصی پوجا کے بعد پد یاترا کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پابندیوں کے ذریعہ انہیں بھینسہ کے عوام سے دور نہیں کرسکتی۔ مجلس اور ٹی آر ایس مل کر لاکھ سازش کرلیں وہ عوام کو یاترا سے دور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بھینسہ میں داخلہ کیلئے کیا ٹی آر ایس سے اجازت لینی پڑے گی ؟ انہوں نے کہا کہ یاترا کا مقصد عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنا ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ پرانے شہر سے یاترا کے آغاز کے وقت بھی صورتحال بگڑنے کا اندیشہ غلط ثابت ہوا تھا۔ر