حیدرآباد3مئی (یواین آئی)تلنگانہ کے یادادری بھونگیر ضلع میں پیش آئے سڑک حادثہ میں سب انسپکٹر ہلاک ہوگیا۔یہ حادثہ اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں ضلع کے آلیر منڈل کے کندی گڈہ تانڈہ کے حدود میں اُس وقت پیش آیا جب ورنگل پولیس ٹرانسپورٹ میں خدمات انجام دینے والے ریزرو سب انسپکٹر 36سالہ وی کرنوڈوکی بولیرو گاڑی الٹ گئی۔پولیس نے بتایا کہ وہ ورنگل ضلع سے حیدرآباد بولیروگاڑی میں جارہا تھا کہ حیدرآباد۔ورنگل قومی شاہراہ پر آلیر منڈل کے قریب اس کی گاڑی کا پچھلا ٹائر پنکچر ہوگیاجس کے نتیجہ میں اس نے گاڑی کا توازن کھودیااور یہ گاڑی الٹ گئی۔اس حادثہ میں وہ شدیدزخمی ہوگیا۔اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے ایمبولنس کے ذریعہ اس کو علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کیا تاہم علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔اس کا تعلق محبوب نگرضلع کے گڈور منڈل کے آپور دیہات سے تھا۔