یاقوت پورہ ، چارمینار ، چندرائن گٹہ اور ملک پیٹ میں کانگریس کا بہتر موقف

   

نتائج چونکا دینے والے رہیں گے، کانگریس قائد شیخ عبداللہ سہیل کا دعویٰ

حیدرآباد۔ پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات یاقوت پورہ، چارمینار، چندرائن گٹہ اور ملک پیٹ میں کانگریس پارٹی کے حق میں خاموش لہر پائی جاتی ہے اور بلدی انتخابات کے نتائج چونکا دینے والے ثابت ہوں گے۔ کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران کانگریس امیدواروں کو عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہورہی ہے۔ کانگریس نے فرقہ وارانہ ایجنڈہ کو مسترد کرتے ہوئے ترقی اور فلاح و بہبود کا ایجنڈہ پیش کیا ہے جبکہ بی جے پی، ٹی آر ایس اور مجلس نے مذہبی بنیادوں پر انتخابی مہم کو فرقہ وارانہ رنگ دے دیا ہے۔ پرانے شہر کے عوام جذباتی نعروں اور تقاریر کے علاوہ سماج کو منقسم کرنے کی کوششوں کی ہرگز تائید نہیں کرسکتے۔ عبداللہ سہیل نے کہا کہ یاقوت پورہ ، چندرائن گٹہ، چارمینار اور ملک پیٹ کے کئی بلدی ڈیویژنس میں کانگریس امیدواروں کی انتخابی مہم کے بارے میں مثبت رپورٹس حاصل ہورہی ہیں۔ عبداللہ سہیل نے پرانے شہر میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور اپنے تجربہ کی بنیاد پر وہ اس بات کا دعویٰ کررہے ہیں کہ کانگریس کو پرانے شہر میں عوام کی تائید میں اضافہ ہوا ہے۔ رائے دہندے فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے بجائے ترقی اور استحکام چاہتے ہیں۔ حالیہ سیلاب کے ہزاروں متاثرین ایسے ہیں جنہیں ابھی تک حکومت کی جانب سے امداد حاصل نہیں ہوئی لیکن انتخابی مہم میں مصروف ٹی آر ایس، بی جے پی اور مجلس کو متاثرین کی امداد اور انہیں درپیش مسائل کی کوئی فکر نہیں ہے اور وہ صرف ووٹ حاصل کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ عبداللہ سہیل نے کہا کہ رائے دہندوں نے ایسی جماعتوں کو مسترد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ کانگریس کی تائید کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے پُرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔