حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام سالانہ اجلاس اور دعوت افطار کا اتوار 26/مئی کو لیک ویو بنجارہ فنکشن ہال بنجارہ ہلز میں اہتمام کیا گیا جس میں شہر کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست مہمان خصوصی اور جناب ظفر جاوید مہمان اعزازی کی حیثیت سے شہ نشیں پر موجود تھے۔ جناب عبدالعلیم خاں چیرمین فیڈ، جناب علی الدین حیدر، جناب ضیاء الدین نیراور جاوید ہوڈ بھی شہ نشین پر تھے۔ جناب ضیاء الدین نیر صاحب نے کاروائی چلائی۔ جناب زاہد علی خاں نے جناب غیاث الدین بابو خان کی ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلم معاشرہ کے مستحقین کی معاشی خوشحالی کے لئے جو اقدامات کئے وہ غیر معمولی ہے۔
انہوں نے ملک کے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج دیگر برادران وطن میں اپنی شبیہ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے بین مذاہب عید ملن تقاریب کا اہتمام کیا جانا چاہے تاکہ آپس غلط فہمیوں کا اِزالہ ہوسکے۔ جناب ظفر جاوید نے جناب غیاث الدین بابو خان کو جنونی قرار دیا اور کہا کہ قوم کی فلاح و بہبود کے لئے ان کا جذبہ جنون کی حد تک ہے۔ 1990 کے فسادات سے لے کر آج تک انہوں نے ہر شعبہ حیات میں جو خدمات انجام دی ہیں‘ اس کی مثال نہیں مل سکتی۔ چیرمین حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ جناب غیاث الدین بابو خان نے اللہ رب العزت کا شکر ادا کیا کہ اس نے حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ‘ غیاث الدین بابو خان چیریٹیبل ٹرسٹ اور FEED کے ذریعہ مسلم معاشرہ کے غریب اور مستحق افراد کی خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ اجتماعی زکوٰۃ کے نظام کے جو مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہوئے ہیں‘ اس کی ہندوستان بھر میں تقلید کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2018-19ء میں حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ اور FEED کے مختلف اسکیمات سے ایک لاکھ 23ہزار 148 مستحقین فیضیاب ہوئے جن پر لگ بھگ دس کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ گذشتہ 27برس کے دوران ٹرسٹ نے 13لاکھ 22ہزار 904 مستحقین پر 123کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی مسرت اور طمانیت کا اظہار کیا کہ گذشتہ سال 12ہزار 822 یتیم طلباء پر 4کروڑ 52لاکھ اور پوسٹ میٹرک اور پروفیشنل کورسس کے 173طلبہ پر 20لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ ٹرسٹ کی جانب سے تلنگانہ اور رائل سیما میں تین انگلش میڈیم اور 103اردو میڈیم اسکولس کے 25ہزار سے زائد طلباء ہر سال مستفید ہورہے ہین۔۔ اِن میں 72فیصد لڑکیاں ہیں۔ 7450 اردو میڈیم طلبہ کو یونیفارم فراہم کیا جاتا ہے۔ اسکول ایجوکیشن پراجکٹ کے تحت ایک کروڑ 8لاکھ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ ٹرسٹ اور فیڈ کی جانب سے ایس ایس سی میں سرکاری اسکولس کے 9.3GPA اور پرائیویٹ اسکولس کے 9.5GPA حاصل کرنے والے 316 ہونہار طالبات کو فی کس 10ہزار روپئے جیمس آف دی نیش کیاش ایوارڈ پیش کئے گئے۔ اس طرح ان پر 39لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ ماہ رمضان المبارک 2019ء کے دوران اردو میڈیم کے طلبہ کے علاوہ یتیموں اور بیواؤں میں 12ہزار فوڈ پیاکس تقسیم کئے گئے۔ آخری دہے میں 3500 فطرہ پیاکس تقسیم کئے جائیں گے۔
بیواؤں اور یتیموں میں عید کے کپڑے بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔
حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کا سب سے اہم قابل تقلید و لائق تحسین کارنامہ کم عمر بیواؤں کی دوبارہ شادی ہے۔ اب تک 128 نوجوان بیواؤں کے گھر دوبارہ آباد کئے جاچکے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف آفات سماوی و ناگہانی حالات کے متاثرین کی بازآبادکاری اور امداد و راحت رسانی کے پراجکٹ پر بھی 16.5لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ نان زکوٰۃ فنڈ سے حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس کیمپس کی تعمیر و تزئین نو کی گئی۔ حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ اقلیتوں کے لئے حکومت کی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں ممکنہ تعاون فراہم کرتا ہے۔
جناب غیاث الدین بابو خان صاحب ذی حیثیت افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنی خوشیوں میں معاشرہ کے اُن غریب اور مستحق افراد‘ بیواؤں اور یتیموں کو شامل رکھیں۔ ان کا تجربہ ہے کہ جب آپ یتیموں اور بیواؤں کی مدد کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ کی جانب سے نوازنے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔
https://drive.google.com/drive/folders/1txGsdGfy-6Dcww935F9M_Uyw4_2tRxlo