یدی یورپا کی آڈیو کلپ کی سچائی کا پتہ چلانے ایس آئی ٹی کی تشکیل

   

اسمبلی میں اسپیکر کی تجویز پر کمارا سوامی کا اعلان ، بی جے پی تحقیقات کو اسپیکرتک محدود رکھنے کوشاں

بنگلورو 11 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج ایک جامع ایس آئی ٹی کی تشکیل کا اعلان کیا جو اُس آڈیو کلپ کی سچائی کا پتہ چلائے گی جسے گزشتہ ہفتے جاری کیا گیا اور اُس میں سنی گئی گفتگو سے ظاہر ہوا کہ اسٹیٹ بی جے پی چیف بی ایس یدی یورپا نے ایک جے ڈی ایس ایم ایل اے کو لالچ دینے کی کوشش کی ہے۔ کمارا سوامی نے ریاستی اسمبلی میں یہ اعلان کیا جبکہ اسپیکر رمیش کمار نے اِس معاملے کی تحقیقات کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تجویز رکھی تاکہ سچائی کا پتہ چل جائے کیوں کہ اُن کا نام بھی اِس تنازعہ میں گھسیٹا گیا ہے۔ ظاہر طور پر برہم رمیش کمار نے کہاکہ سچائی کا پتہ چلانے کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل دیجئے اور مجھے 15 یوم میں راحت دیجئے۔ اسپیکر نے کمارا سوامی سے یہ اپیل اِس پس منظر میں کی کہ ایوان میں تمام ارکان نے کہاکہ اسپیکر اپنی دیانتداری کے لئے معروف ہیں اور اُن کے دفتر کے وقار کا تحفظ کیا جانا چاہئے۔ کمارا سوامی نے کہاکہ اُنھیں بھی اسپیکر کے خلاف الزام پر تکلیف ہوئی ہے اور وہ ایس آئی ٹی تشکیل دینے کے لئے اُن کی تجویز کو قبول کرتے ہیں۔ اُنھوں نے اسپیکر سے کہاکہ میں سچائی کو آشکار کرنے کے لئے جامع تحقیقات کرانے ایس آئی ٹی کی تشکیل کے لئے آپ کی اجازت چاہتا ہوں۔ بی جے پی ارکان نے کہاکہ تحقیقات اسپیکر کے خلاف الزام تک محدود ہونا چاہئے کیوں کہ بصورت دیگر اُنھیں حکومت پر کوئی بھروسہ نہیں جو ممکن ہے ایس آئی ٹی کا بیجا استعمال کرے گی۔ کرناٹک میں جمعہ کو ارکان مقننہ کی خرید و فروخت کے الزامات پر سیاسی جنگ چھڑگئی جب چیف منسٹر نے ایک آڈیو کلپ جاری کیا جس میں ظاہر طور پر یدی یورپا کی آواز ہے اور وہ مخلوط حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لئے ایک جے ڈی ایس رکن اسمبلی کو لالچ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔