یس بینک بحران پر پارلیمنٹ کامپلکس میں عآپ کا احتجاج

   

Ferty9 Clinic

پارٹی ایم پیز نے ’’بی جے پی کے دوست ڈیفالٹرز کو جوابدہ بناؤ‘‘ کے نعرے لگائے۔ سنجے سنگھ و دیگر کی شرکت
نئی دہلی ، 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے قانون سازوں نے جاریہ یس بینک بحران کے بارے میں آج پارلیمنٹ کامپلکس کے اندرون احتجاج منظم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قرض نادہندگان (ڈیفالٹرز) جو بی جے پی کے ’’دوست‘‘ ہیں، اُنھیں ضرور جوابدہ بنانا چاہئے۔ عآپ ایم پیز سنجے سنگھ، بھگونت مان، این ڈی گپتا اور سشیل گپتا نے مجسمہ مہاتما گاندھی کے روبرو احتجاج کیا اور نعرے بلند کئے جیسے ’’بینک ڈیفالٹرز کو ضرور سلاخوں کے پیچھے ڈالا جانا چاہئے‘‘۔ سنجے سنگھ نے دعویٰ کیا کہ یس بینک کو بی جے پی قائدین کے دوستوں نے لوٹا اور انھیں ان کی حرکتوں کیلئے ضرور جوابدہ بناتے ہوئے سلاخوں کے پیچھے ڈالنا چاہئے۔ انھوں نے اس مسئلہ پر راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کی نوٹس بھی دی ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے گزشتہ ہفتے یس بینک کے بورڈ کو معطل کرتے ہوئے 30 روزہ پابندی عائد کی اور رقم نکالنے پر 50,000 روپئے کی حد قائم کردی تھی۔ آر بی آئی نے کہا کہ یہ تحدیدات یس بینک کی ناقص مالی حالت کے سبب عائد کی گئیں، کیونکہ یہ بینک خود کو کارکرد برقرار رکھنے کیلئے سرمایہ اکٹھا کرنے میں ناکام ہوگیا تھا۔ اس اعلان کے بعد بینک کے کسٹمرز میں پریشانی پیدا ہوگئی۔ وہ رقم نکالنے کیلئے اے ٹی ایمز اور بینک برانچس کے روبرو قطاروں میں جمع ہوگئے۔ وہ انٹرنٹ بینکنگ اور دیگر سرویسیس جیسے ڈیجیٹل پے منٹس تک دیگر فریق کے پلیٹ فارم سے رسائی کے حصول سے بھی قاصر ہوگئے۔ بیرونی زر مبادلہ کی سرویسیس اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے خریداریاں و دیگر خدمات بھی متاثر ہوئیں۔