یلاریڈی۔/28 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)یلاریڈی مستقر پر آسرا وظیفہ خوار معمرین نے ڈاک خانہ کے روبرو شاہراہ پر احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے کہا کہ وظائف وقت پر نہ دینے سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔ دوچار دنوں میں ہی گنیش تہوار ہے اور آسرا کے وظائف کا کوئی پتہ نہیں تو تہوار کس طرح منائیں۔ وظائف کے بارے میں ڈاک خانہ کے ذمہ داروں سے دریافت کرنے پر معمرین کو جھڑک کر جواب دینے کا معمرین نے الزام عائد کیا۔ حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے آسرا وظائف ڈاک خانہ اپنی طرف سے دیئے جانے کے درد کا اظہار کررہا ہے۔ معذورین کا یوں روز روز ڈاک گھر کے چکر لگانا اور وظائف نہ ہونے پر مایوس لوٹ جانا انہیں ناگوار گذررہا ہے۔ جس سے برہم ہوکر معمر افراد نے شاہراہ پر بیٹھ کر راستہ روکو احتجاج منظم کیا ۔ پولیس کو اطلاع ملتے ہی فوری پہنچ کر معمرین کو سمجھایا اور راستہ روکو احتجاج ختم کروایا۔
