یلاریڈی میں معمر خاتون کا بے دردی سے قتل

   

Ferty9 Clinic

نامعلوم سارقین کی سفاکانہ حرکت پر عوام میں تشویش

یلاریڈی۔/18اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی کے الماجی پور موضع میں نامعلوم افراد نے ضعیف کمزور خاتون کا بے دردی سے قتل کردیا۔ سرکل انسپکٹر مسٹر چندرا شیکھر ریڈی کی تفصیلات کے مطابق الماجی پور موضع سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ بال لنگووا خاتون پر چاقوؤں سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا۔ خاتون گھر کے پاس دوپہر تک کام کررہی تھی اور اس کا بیٹامیدک گیا ہوا تھا۔ شام سے صبح تک لنگووا گھر سے باہر نہ نکلنے پر پڑوسیوں نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ جسے خون میں لت پت دیکھ کر لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے مقام واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے کلوز ٹیم نے قتل کے ثبوت حاصل کئے۔ مقتول کے گلے میں سونے کا زیور ، پیروں میں چاندی کا زیور کا سرقہ کرلیا گیا۔ ڈاگ اسکواڈ نے موضع میں گھوم کر مقامی چند مکانات کی نشاندہی کی ہے۔ مقام واردات کا ضلع اے ایس پی مسٹر انوتیا ، ڈی ایس پی لکشمی نارائنا، تربیتی ڈی ایس پی مسٹر اودئے ریڈی نے معائنہ کیا۔ متوفی کے بیٹے وینکٹیشم کی شکایت پر پولیس مقدمہ درج کرتے ہوئے مصروف تحقیقات ہے۔ نعش کا پنچنامہ کرکے پوسٹ مارٹم کیلئے یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا۔ نامعلوم سارقوں نے ضعیف و کمزور خاتون کا بے دردی کے ساتھ قتل کرکے زیور اُڑا لینے پر عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔