یلاریڈی /3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی ڈیویژن کے لنگم پیٹ کی بڑی ندی ، کلیانی ندی ، سنگیتم ندی اور پوچارم پراجکٹ لبریز ہوکر بہہ رہے ہیں ۔ کلیانی سے تعلق رکھنے والے کاشی رام اور اس کا نسبی بھائی رگھوردھن دونوں تماریڈی کی ندی کا راستہ پار کر رہے تھے کہ پانی کا بہاؤ تیز ہونے سے یہ دونوں بہہ کر چلے گئے ۔ کل صبح یہ واقعہ پیش آیا ۔ انہیں تلاش کرنے پر آج صبح کسانوں کو دور ندی کے کنارے ایک نعش نظر آئی ۔ کسان نے موضع والوں کو اطلاع دینے پر یہ کاشی رام کی نعش کے طور پر شناخت کی گئی مگر رگھو وردھن کا ابھی تک کوئی پتہ نہ چل سکا ۔ تلاش جاری ہے ۔ متوفی کاشی رام کو دو لڑکیاں ایک لڑکا ہے ۔ اس حادثہ کی اطلاع پر یلاریڈی سب انسپکٹر مسٹر کمار راجا نے مقام حادثہ پہونچکر نعش کا پنچنامہ کیا اور پوسٹ مارٹم کیلئے یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا ۔ اس موقع پر کلیانی سرپنچ راگھوگوڑ ، سابق زیڈ پی ٹی سی سامیل اور دوسرے موجود تھے ۔
