یلاریڈی میں گرج اور چمک کے ساتھ طوفانی بارش

   

دھان کی فصلیں تباہ ، کسانوں کو شدید مایوسی
یلاریڈی ۔29 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر پر پیر کے دن نصف شب رات دیڑھ بجے آسمان میں بجلیوں کی گھن گرج نے عوام میں خوف سا ماحول پیدا کردیا ۔ تقریباً ایک گھنٹہ تک رات دیر گئے آسمان میں لگاتار بجلیوں کی زوردار گھن گرج کی آواز نے عوام کو نیند سے بیدار کرکے رکھ دیا ۔ کئی لوگ ڈر کر صبح تک بیدار رہے ۔ اس کے ساتھ غیرمعمولی بارش نے یلاریڈی کے اطراف کے علاقوں کی دھان کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ۔ کئی علاقوں میں فصلیں زیرآب ہونے سے ہاتھ آئی فصل مکمل تباہ ہوگئی ۔ کلیانی موضع میں کئی ایکڑ دھان کی فصل غرق ہونے سے کسانوں کو مایوس ہوکر اشکبار ہونا پڑا ۔ موضع تماریڈی سے یلاریڈی کو آنیوالا راستہ بارش کے پانی سے بھرجانے پر بند ہوا ۔ رات دیر گئے زبردست بارش نے عوام کو خوف اور کسانوں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔ رات کی بجلیوں کے گھن گرج پر صبح کو ہر فرد کے زبانی تعجب و خوف کا اظہار کرتے دیکھا گیا ۔ کئی علاقہ میں دھان کی فصلوں کو کاٹ کر رکھا گیا ہے ۔ یہ بھی زوردار بارش سے تباہ ہوگئیں۔ اور جو ہاتھ آئی فصل زمین بوس ہونے سے مکمل طریقہ سے ضائع ہوگئی ۔ صبح کو اُٹھ کر زیرآب فصلوں کو دیکھ کر کسان اشکبار ہوگئے۔ اتنے ماہ کی لگاتار کی محنت و مشقت کو ایک رات کی غیرمعمولی بارش نے خوشحال کسانوں پر سکتہ طاری کردیا ۔