ٹنڈرس دوبارہ طلب کرنے حکومت سے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی پربھاکر کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی این وی وی ایس پربھاکر نے آج الزام عائد کیا کہ یلم پلی نادی میڈارم آبپاشی پراجکٹس میں تصرف بیجا ہوا ہے اور ٹنڈرس دوبارہ طلب کرنے اور ایک اعلیٰ سطح کمیٹی کی جانب سے اس پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے مسٹر پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ 1200 کروڑ روپئے مالیت کے یلم پلی نادی میڈارم آبپاشی پراجکٹ کے ٹنڈرس طلب کئے گئے لیکن اس میں عہدیداروں نے دو تا تین کنٹراکٹرس کے ساتھ سازباز کیا انہوں نے الزام عائد کیا ان ٹنڈرس میں کافی تصرف بیجا اور تغلب ہوا ہے ۔ اس لیے انہوں نے حکومت پر زور دیا اس کے لیے از سر نو ٹنڈرس طلب کیے جائیں اور اس کی پروسیسنگ ایک اعلیٰ سطح کمیٹی کی جانب سے ہو ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹنڈرس میں تخمینہ دوگنا ہوگیا ہے اور اس میں تصرف بیجا کا واضح ثبوت ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کی مخالفت کرنے کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر پربھاکر نے کہا کہ یہ وفاقی دستور کی روح کے بالکل مغائر ہے اور ایسا صرف اقلیتوں اور ایم آئی ایم کو خوش کرنے کے لیے کیا جارہا ہے ۔ نظام آباد سے ایم ایل سی کے لیے کویتا کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظام آباد کے عوام نے کے سی آر کی دختر کو شکست سے ہمکنار کیا تھا پھر بھی چیف منسٹر نے عوام کی رائے کے خلاف قدم اٹھایا ہے اور اب وہ پیچھے کے دروازہ سے انہیں ایم ایل سی بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ نظام آباد کے عوام کی توہین کرنے کے مترادف ہے ۔۔