یمن میں جنگ بندی ، قیام امن کی سنجیدہ کوشش

,

   

حوثی باغیوں کی دہشت گردی کا سرکاری تنصیبات نشانہ ، شاہ سلمان کی قیادت میں اجلاس

ریاض : خادم حرمین شریفین سعودی عرب کے شاہی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں سعودی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یمن میں جنگ بندی کے فارمولے کو قیام امن کی سنجیدہ کوشش قرار دیا گیا۔ یمنی بحران کے سیاسی حل کا فارمولا اس سلسلہ میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجہ میں تیار کیا گیا ہے۔ اس فارمولہ سے یمن کے عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ آن لائن اجلاس میں کابینہ میں ریاض میں تیل تنصیبات پر حملہ کی سخت مذمت کی۔ کابینہ نے کہا کہ حوثی باغیوں کی دہشت گردی کا نشانہ سعودی عرب کے سرکاری تنصیبات کے علاوہ نجی املاک اور شہری آبادی بن رہی تھی۔ اس سے عالمی تیل رسد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سعودی کابینہ نے عالمی برادری کو اس کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ کابینہ نے سعودی مصنوعی سیاروں کو کامیابی کے ساتھ خلاء میں بھیجنے کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ خلائی شعبہ میں سعودی عرب مزید ترقی کرے گا۔ شاہ سلمان نے کابینی اجلاس کے دوران کہا کہ سعودی عرب میں کوروناوائرس کے انسداد کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ویکسین مہم پر بھی اظہاراطمینان کیا۔