حیدرآباد۔6۔اپریل (سیاست نیوز) ایس ایس سی امتحانات کے پرچہ جات کے افشاء کے خلاف احتجاج پر گرفتار کئے گئے یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی قائدین کو عدالت نے ضمانت منظور کردی ہے۔ یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی اور این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ کے علاوہ 14 کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کر کے غیر ضمانتی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ۔ گزشتہ دو دن سے وہ عدالتی تحویل کے تحت جیل میں تھے۔ عدالت نے آج ضمانت منظور کردی اور شام میں رہائی عمل میں آئی ہے۔ رہائی کے موقع پر کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد جیل کے باہر موجود تھی۔ اسی دوران انڈین یوتھ کانگریس کے صدر بی وی سرینواس نے دیگر قائدین کے ہمراہ جیل پہنچ کر محروس قائدین سے ملاقات کی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ضمانت کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے محاذی تنظیموں کی جدوجہد کو سراہا۔ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی قائدین نے کہا کہ پرچہ جات کے افشاء کے ذمہ دار افراد کو سزا ملنے تک احتجاج جاری رہے گا ۔ ر