یورانیم کیلئے کھدائی کے خلاف کانگریس اور جنا سینا متحد

   

ہنمنت راؤ کی پون کلیان سے ملاقات ، عنقریب کل جماعتی اجلاس کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) نلا ملا کے جنگلاتی علاقوں میں یورانیم کیلئے کھدائی کے خلاف کانگریس اور جنا سینا پارٹی نے مشترکہ طور پر ایجی ٹیشن کا فیصلہ کیا ہے۔ سینئر کانگریسی قائد وی ہنمنت راؤ نے آج حیدرآباد میں جنا سینا کے سربراہ پون کلیان سے ملاقات کی اور نلا ملا میں یورانیم کی کھدائی سے قبائلیوں کو ہونے والے نقصانات سے واقف کرایا۔ دونوں قائدین نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کھدائی کی اجازت منسوخ کردی جائے۔ اس مسئلہ پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد عوامی احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یورانیم کی کھدائی سے نہ صرف ماحولیاتی بلکہ آبی آلودگی کا خطرہ ہے۔ پون کلیان نے کہا کہ یورانیم سے کینسر اور دیگر امراض کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ پون کلیان نے کہا کہ یورانیم کی کھدائی سے دونوں تلگو ریاستوں کے عوام کیلئے مسائل پیدا ہوں گے ۔ آبی آلودگی کا اثر دونوں ریاستوں پر پڑے گا، حتیٰ کہ حیدرآباد کو سربراہ کئے جانے والے پانی میں اس یورانیم کی آمیزش شامل ہوجائے گی ۔ اس پانی کے استعمال سے جسمانی معذوری کا شکار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے کرشنا کا پانی اس سے متاثر ہوجائے گا اور حکومت پانی کا استعمال کرنے والوں کو بیماریوں سے روک نہیں پائے گی۔ اس مسئلہ پر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ تمام جماعتوں کی رائے حاصل کی جاسکے۔ اس کے علاوہ راؤنڈ ٹیبل اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ وی ہنمنت راؤ نے اس موقع پر کہا کہ یورانیم کی کھدائی صرف تلنگانہ نہیں بلکہ دونوں ریاستوں کا مسئلہ ہے۔ کینسر ، امراض گردہ جیسی بیماریوں کے علاوہ بچے ذہنی طور پر متاثر ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نلا ملا علاقوں میں بسنے والے قبائلی عوام حکومت کے اس فیصلہ سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر جدوجہد میں پون کلیان کی تعاون اہمیت کا حامل رہے گا۔ اسی لئے انہوں نے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کرایا۔ آئندہ دو تین دنوں میں اس مسئلہ پر کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی اجلاس کے بعد مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر کھدائی روکنے کیلئے دباؤ بنایا جائے گا ۔