یورپی یونین افریقی ویکسین واپس کرے گی

   

بروسلز ۔ یورپی یونین جنوبی افریقہ میں تیار کی گئی جانسن اینڈ جانسن کی کووڈ ویکسین براعظم افریقہ کو بہت جلد واپس کردے گی۔ افریقی یونین کے وفد کے مطابق افریقہ میں جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین دواساز کمپنی ایسپن فارماکیئر بنا رہی ہے اور اب یورپ کو یہ ویکسین مزید نہیں فراہم کی جائیں گی۔ یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا جب افریقی ممالک میں کووڈ انیس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور افریقی مریضوں کو ویکسین کی اشد ضرورت ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن میں جنوبی افریقی صدر سیرل رامافوسا اور یورپی کمیشن کی صد اُرزولا فان ڈیئر لائن کی ملاقات کے بعد مزید بتایا گیا کہ ویکسین کی پہلی کھیپ رواں ماہ تک افریقہ بھیجی جائیں گی اور دسمبر تک مزید دو ملین خوراکیں بھی ارسال کی جائیں گی۔ ادھر عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ افریقی ممالک اس مہینے کے آخر تک اپنی دس فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف ممکنہ طور پر حاصل نہیں کرسکیں گے