یورپی یونین کا ترکیہ کیساتھ تعاون بڑھے گا

   

صدر اردغان کو انتخابی کامیابی پر الیورو رہیلی کی مبارکباد
برسلز: یورپی یونین (ای یو ) کمیشن برائے توسیع کے رکن، الیور ورہیلی نے کہا کہ یورپی یونین نئے دور میں ترکیہ کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے اور پناہ گزینوں سے متعلق پالیسی کی حمایت کیلئے پر عزم ہے ۔ورہیلی نے ان خیالات کا اظہار بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکسچینجز آف ترکیہ کے دفتر میں یورپی یونین میں ترکی کی مستقل نمائندگی کے زیر اہتمام پینل سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ورہیلی، نے صدر رجب طیب اردغان کو ان کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کو آنے والے سالوں میں ترکیہ میں نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کی بہت امیدیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین تمام جاری مشکلات کے باوجود ترکیہ کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو جاری رکھنے کا منتظر ہے ۔ہمیں اپنی مشترکہ خوشحالی اور استحکام کیلئے ایک دوسرے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں اپنے لوگوں کے فائدے کیلئے ایک دوسرے کی ضرورت ہے ۔ اس کیلئے یقیناً ہمیں ایسے تعلقات اور شراکت داری کی ضرورت ہے جو تعاون پر مبنی ہوں اور باہمی طور پر فائدہ مند ہوں۔ یقیناً ایک مستحکم اور محفوظ مشرق، ہماری معیشتوں اور معاشروں کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ ورہیلی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ترکیہ ایک امیدوار ملک، ایک اہم علاقائی شراکت دار، نیٹو کے ایک اہم اتحادی اور یوکرین اور روس کے درمیان ثالث کی حیثیت سے اس میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے بلیک سی گرین انیشیٹو کے ذریعے عالمی غذائی تحفظ میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔