بروسلز: چین میں کورونا وائرس سے لوگوں کے بڑے پیمانے پر متاثر ہونے کی خبروں کے درمیان یورپی یونین نے بیجنگ کو کوویڈ۔19 ویکسین مفت میں فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ چین نے اس پیشکش پر فی الحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔یورپی یونین کمیشن کے عہدیداران نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہیکہ کمیشن کی ہیلتھ کمشنر اسٹیلا کائریا کائیڈس کی یہ پہل بیجنگ کی جانب سے ’زیرو کوویڈ پالیسی‘ کو ختم کر دینے کے بعد کوویڈ انفیکشن کی نئی لہر پر قابو پانے کی کوشش کا حصہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ کمشنر کائریا کائیڈس نے اپنے چینی ہم منصب سے بات کی اور ان کے ساتھ یگانگت کا اظہار تعاون کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے عوامی صحت کے ماہرین کی خدمات اور یورپی یونین کے منظور شدہ ویکسین عطیہ کے طور پر فراہم کرنے کی بھی پیش کش کی۔چین میں کورونا کے کیسز میں اضافہ کے تناظر میں یورپی یونین کے طبی حکام ایک اہم میٹنگ بھی کرنے والے ہیں۔ دوسری جانب امریکہ اور برطانیہ سمیت کئی ممالک چین سے آنے والے مسافروں پر کورونا ٹسٹنگ لازمی کرچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں کورونا سے مزید تین اموات کی خبریں ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر 5253 افراد کی موت ہو چکی ہے۔