یورپ میں کورونا سے مزید ہزاروں اموات کا خدشہ: عالمی ادارہ صحت

   

نیویارک : عالمی ادارہ صحت کے اندازوں کے مطابق براعظم یورپ میں کورونا وائرس سے لگنے والی بیماری کوویڈ19 کے باعث رواں برس اگست کے آخر سے یکم دسمبر تک مزید 2لاکھ 36ہزار تک انسانوں کی موت کا خدشہ ہے۔ اس خطے میں مشرقی اور مغربی یورپ، قفقاذ کے علاقے اور وسطی ایشا کے مجموعی طور پر 53 ممالک شامل ہیں، جہاں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا کے سبب اموات میں 11فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویریئنٹ، وبا سے متعلق ضوابط میں نرمی اور موسم گرما کے دوران بڑی تعداد میں عام شہریوں کے سیاحتی سفر ہلاکتوں میں اس اضافے کی اہم ترین وجوہات ثابت ہوئے۔ عالمی ادارہ صحت نے خاص طور پر بلقان اور قفقاذ کے خطوں اور وسطی ایشیائی ممالک میں نئی کورونا انفیکشنز کی تعداد میں تیز رفتار اضافے کی تصدیق کی ہے۔