یورپ کے دفاعی اخراجات سرد جنگ کے بعد کیبلند ترین سطح پر پہنچ گئے

   

اسٹاک ہوم : یورپ کے فوجی اخراجات میں 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد ریکارڈ رفتار سے اضافہ ہوا جو سرد جنگ کے خاتمے کے بعد کے دور کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔سویڈن کے ’’اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ‘‘ کی حالیہ تحقیق کے مطابق یورپ میں دفاعی خرچ کے اضافے نے عالمی فوجی اخراجات کو 2.24 ٹریلین ڈالر یا دنیا کی مجموعی ڈومیسٹک پیداوار کے 2.2 فیصد تک بڑھا دیا ہے۔یہ فوجی اخراجات مسلسل آٹھویں سال کے ریکارڈ اخراجات کو ظاہر کرتے ہیں۔تحقیق کے ایک شریک مصنف اور محقق نان تیان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ اضافہ یوکرین میں جنگ کی وجہ سے ہوا ہے جو یورپی بجٹ کے اخراجات کو بڑھا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس اضافے کی ایک اور وجہ امریکہ اور چین کے درمیان مشرقی ایشیا میں غیر حل شدہ اور بگڑتی ہوئی کشیدگی بھی ہے۔