یوسف ٹیکری معاملہ ‘بندوق کا لائسنس منسوخ ہوگا

   

پولیس فائرنگ کے الزامات کی تحقیق میں مصروف ‘ ڈی سی پی
حیدرآباد ۔ 15 فبروری (سیاست نیوز) ٹولی چوکی یوسف ٹیکری معاملہ میں استعمال کی گئی بندوق کے لائسنس کو منسوخ کردیا جائے گا۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ ویسٹ زون مسٹر چندرا موہن نے بتائی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی فائرنگ کی تصدیق نہیں ہوپائی ۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تعلق سے شکایت حاصل ہوئی تھی اور اس کی جانچ کی جارہی ہے۔ ڈی سی پی کا کہنا ہیکہ فائرنگ کے کوئی شواہد حاصل نہیں ہوپائے ہیں اور پولیس کی جانب سے تقریباً 50 کیمروں کی جانچ کی جاچکی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ فائرنگ کی تردید کرنے والی پولیس کو بھی مکمل اطمینان نہیں ہے اور وہ مزید گہرائی سے اس واقعہ کی تحقیقات میں جٹی ہوئی ہے۔ ڈی سی پی نے کہا کہ فائرنگ تصدیق ہونے پر نہ صرف بندوق کے لائسنس کو منسوخ کیا جائیگا بلکہ فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ ٹولی چوکی یوسف ٹیکری معاملہ میں دو فریقین کی ایک دوسرے کے خلاف شکایت پر مقدمات درج کرلئے گئے ۔ فائرنگ کے الزامات کا سامنا کررہے اختر اور حملہ کے الزامات کا سامنا کررہے شکیل خاں نے ایک دوسرے کے خلاف شکایت درج کروائی اور پولیس ان پر تحقیقات کررہی ہے۔ع