یوم آزادی کی تقریب کی اہم جھلکیاں

,

   

نئی دہلی، 15 اگست (یواین آئی) یوم آزادی کے جشن کا آغاز چھ بجکر 20 منٹ پر اسکول کے بچوں کی طرف سے پیش کئے گئے حب الوطنی کے گیتوں کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر موجود شخصیات اور لوگوں نے تالیاں بجا کر بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔٭روایتی پوشاک سفید کرتا-پاجامہ، آسامی گمچھا اور جودھ پور ي پگڑی پہنے مسٹر مودی کا وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، دفاع کے ریاستی وزیر شریپد نائیک اور دفاعی سکریٹری سنجے مترا نے خیر مقدم کیا۔٭سکریٹری دفاع نے دہلی کے علاقہ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل است مستری کا تعارف وزیراعظم سے کروایا اور اس کے بعد مسٹر مستری وزیر اعظم کو سلامی اسٹیج کی جانب لے کر گئے ، جہاں بین فوج اور پولیس گارڈ کے جوانوں نے انہیں سلامی دی۔٭فضائیہ کے ونگ کمانڈر انوج بھاردواج کی قیادت میں منعقد گارڈ آف آنر کا معائنہ کرنے کے بعد وزیر اعظم لال قلعہ کی فصیل کی جانب بڑھے ، جہاں پر وزیر دفاع، دفاع کے وزیرمملکت، آرمی چیف جنرل بپن راوت، ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل بریندر سنگھ دھنوا اور اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرم بیر سنگھ نے ان کا استقبال کیا۔٭مسٹر مودی نے اپنے خطاب میں جیسے ہی ‘میرے پیارے دیس واسیو’ کہا، وہاں موجود لوگوں نے تالیاں بچا کر ان کا استقبال کیا۔ مسٹر مودی کے خطاب کے دوران کئی بار ایسے موقع پر آئے جب وہاں موجود لوگوں نے گرمجوشی سے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔٭وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے دوران جب جموں کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 اور تین طلاق کو ختم کرنے کے حکومت کے فیصلے کا ذکر کیا، تو لوگوں نے تالیاں بجا کر ان کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا۔٭مسٹر مودی نے اپنے خطاب کے دوران جب تینوں فوجوں کو ایک کمان میں لانے کے لئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کے فیصلے کا اعلان کیا، تو وہاں موجود وزارت دفاع کے حکام نے تالیاں بجا کر ان کے فیصلہ کا خیر مقدم اور اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔٭ تقریب سے پہلے صبح یہاں زوردار بارش ہوئی۔وزیر اعظم کے خطاب کے دوران بھی ہلکی بوچھاریں پڑیں۔٭مسٹر مودی کا خطاب ختم ہونے کے بعد امن، خوشحالی اور حوصلہ کی علامت ترنگا کے ساتھ جب غباروں کو آسمان میں چھوڑاگیا، تو وہاں موجود بچوں نے زور زور سے چلانا شروع کر دیا اور لوگوں نے تالیاں بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔٭ مسٹر مودی سے ملاقات کے دوران بچوں میں غضب کا جوش دیکھنے کو ملا۔ اس دوران بہت سے بچوں نے وزیر اعظم سے ہاتھ ملایا، تو بہت سے بچوں نے ان کا پاؤں چھو کر آشیروادلیا۔ ٭تقریب میں اس بار اسکول کے بچوں میں لڑکیوں کی تعداد کافی زیادہ تھی، جو وزیر اعظم سے مل کر بہت خوش تھیں، لیکن جن لڑکیوں کی ملاقات مسٹر مودی سے نہیں ہو پائی وہ کچھ مایوس نظر آئیں۔٭یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ پر سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے تھے ۔