یوم آزادی کے موقع پر 75 قیدیوں کی عام معافی اور رہائی ملتوی

   

حکومت کی جانب سے رہنمایانہ خطوط کی عدم اجرائی ، آج کل میں جی او جاری ہونے کا امکان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حکومت کی جانب سے رہنمایانہ خطوط کی عدم اجرائی کی وجہ سے یوم آزادی کے موقع پر قیدیوں کی رہائی کا عمل اس مرتبہ ملتوی ہوگیا ۔ تلنگانہ حکومت نے آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے تناظر میں جیلوں میں سزا بھگتنے والے 75 قیدیوں کو معافی پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ کابینہ اجلاس میں بھی اس کو منظوری دی گئی تھی ۔ تاہم قیدیوں کے انتخاب کے لیے حکومت کی جانب سے رہنمایانہ خطوط جاری نہیں کئے گئے ۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش حکومت 175 قیدیوں کو معافی دی ہے ۔ تلنگانہ کے مختلف جیلوں میں سزا کاٹ رہے معافی کے اہل 132 قیدیوں کی عہدیداروں کی جانب سے عارضی فہرست تیار کی گئی تھی ۔ حکومت کے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے بعد ان میں 75 قیدیوں کا انتخاب کیا جانے والا تھا ۔ 5 سال کی سزا مکمل کرنے والی خاتون قیدیوں اور 7 سال سزا مکمل کرنے والے مرد قیدیوں کی فہرست تیار کی گئی تھی ۔ اس کے علاوہ ضعیف اور بیمار قیدیوں کا بھی نام اس فہرست میں شامل تھا ۔ حکام نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او پر گورنر کے دستخط کرنے کے معاملے میں تاخیر ہوئی ہے ۔ آج کل میں جی او کی اجرائی کے قوی امکانات ہیں ۔۔ ن