حیدرآباد۔/10 ستمبر،( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 17 ستمبر کو انضمام حیدرآباد کی تقاریب سرکاری طور پر منائی جائیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ مجلس کے خوف سے حکومت انضمام حیدرآباد کو سرکاری طور پر منانے سے گریز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس سے خوف کی روایت کو ختم کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو چاہیئے کہ وہ 17 ستمبر کا دن سرکاری طور پر منائیں۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ تلنگانہ کی جدوجہد میں 17 ستمبر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست میں یہ دن سرکاری طور پر منایا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلاب سے تلگو ریاستوں میں بھاری نقصانات ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش میں ڈبل انجن سرکار موجود ہے لہذا مرکز کی جانب سے قومی آفات سماوی کے طور پر فراخدلانہ امداد جاری کی جائے۔ تلنگانہ میں بی جے پی حکومت نہیں ہے باوجود اس کے مرکزی حکومت کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فنڈز جاری کرنے چاہیئے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ آندھرا پردیش میں ستیہ ویڈو کے تلگودیشم رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کی جانی چاہیئے۔ رکن اسمبلی پر خاتون کے ساتھ جنسی ہراسانی کا الزام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی پی آئی کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام انجام دیئے گئے۔1