حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے تلنگانہ کی 10ویں یوم تاسیس تقاریب کے ضمن میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں ریاست بھر میں 2 جون سے 21 دن تک کے مختلف پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں مختلف محکمہ جات کی کامیابیوں اور کارناموں کی تفصیلات ان پروگراموں میں پیش کی جائیں۔ ہر محکمہ کو چاہیئے کہ وہ اپنے کارناموں پر ڈاکومینٹریز تیار کریں جن میں ترقی سے متعلق اعداد و شمار پیش کئے جائیں۔ تمام اہم عوامی اور سرکاری عمارتوں کو ان ایام میں خوبصورتی سے سجایا جائے گا۔ ریاستی سطح کے علاوہ ضلعی اور منڈل سطح پر مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ اجلاس میں رکن کونسل دیشا پتی سرینواس، سکریٹری جی اے ڈی شیشادری، سکریٹری فینانس ٹی کے سری دیوی، سکریٹری پبلک انٹر پرائزس نرملا، کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ اشوک ریڈی اور دوسرے شریک تھے۔ر