یوم تاسیس تلنگانہ کی 21 روزہ تقاریب کا 2 جون سے آغاز

   

چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس، سکریٹریٹ کے احاطہ میں پرچم کشائی اور پریڈ کی سلامی، اضلاع میں وزراء کو ذمہ داری

حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کی 10 ویں یوم تاسیس تقاریب ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2 جون کو تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کے ضمن میں چیف منسٹر کے سی آر نے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں عوام کی توقعات کے مطابق 21 روزہ شاندار تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ 2 جون سے تقاریب کا آغاز ہوگا اور ریاست سے گاؤں کی سطح تک 21 دن تقاریب منائی جائیں گی۔ چیف منسٹر کے سی آر 2 جون کو بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ میں یوم تاسیس تقاریب کا افتتاح کریں گے جبکہ ریاستی وزراء متعلقہ ضلع ہیڈکوارٹرس پر یوم تاسیس تقاریب میں حصہ لیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2 جون کو تلنگانہ کی تشکیل کے 10 سال مکمل ہورہے ہیں۔ تلنگانہ ریاست طویل جدوجہد اور کافی دشواریوں کے بعد حاصل ہوئی ہے، یہ ملک کی سب سے کم عمر ریاست ہے۔ سرکاری مشنری اور عوامی نمائندوں کے تعاون سے تمام شعبہ جات میں ریاست نے نمایاں ترقی کی ہے۔ تلنگانہ ریاست ملک اور دیگر ریاستوں کیلئے مثالی بن چکی ہے۔ مہاراشٹرا اور دیگر شمالی ریاستوں کے قائدین اور عوام تلنگانہ کی کامیابیوں سے حیرت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اور دیگر کئی ریاستوں کی حکومتیں تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کے خائل ہیں۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ یوم تاسیس تقاریب دیہی سطح تک تہوار کی طرح منائی جائیں۔ 2 جون کو سکریٹریٹ کے احاطہ میں یوم تاسیس تقریب منعقد ہوگی جبکہ وزراء متعلقہ اضلاع میں ہیڈکوارٹرس پر حصہ لیں گے۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما، چیف منسٹر کے مشیر سومیش کمار، چیف سکریٹری شانتی کماری، ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، پرنسپل سکریٹری برائے چیف منسٹر نرسنگ راؤ، حکومت کے مشیر برائے تہذیبی اُمور کے وی رمنا چاری، سکریٹری چیف منسٹر سمیتا سبھروال، بھوپال ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری توانائی سنیل شرما، صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز سریدھر، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، پرنسپل سکریٹری ریوینیو نوین متل، سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راج ، پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں تلنگانہ نے جو ترقی کی ہے وہ خالص دوراندیش پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر اور اضلاع میں یادگار شہیدان تلنگانہ پر تقاریب منائی جائیں گی۔ 2 جون کو قومی پرچم لہرایا جائے گا اور پولیس کی جانب سے سلامی دی جائے گی۔ر