یوم تاسیس تلنگانہ کے دوران جنگلاتی اراضی کی تقسیم اور دیگر فلاحی اسکیمات پر عمل آوری

   

25 مئی کو ضلع کلکٹرس کانفرنس، 14 جون کو نمس کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد، چیف منسٹر کے اجلاس میں فیصلے
حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کے شیڈول کو قطعیت دینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔ جنگلاتی اراضی کی تقسیم اور دیگر ترقیاتی پروگراموں پر عمل آوری کے شیڈول کو چیف منسٹر نے قطعیت دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 24 جون تا 30 جون درج فہرست قبائیل میں جنگلاتی اراضی کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ جنگلاتی اراضی حاصل کرنے والے قبائیلی خاندانوں کو رعیتو بندھو اسکیم کے دائرہ کار میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر کسانوں کو حاصل ہونے والی مراعات اور سہولتیں قبائیلی کسانوں کو بھی فراہم کی جائیں، ان کے بینک اکاؤنٹس میں رعیتو بندھو کی امدادی رقم منتقل کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 25 مئی کو ضلع کلکٹرس کانفرنس طلب کی گئی ہے تاکہ یوم تاسیس تقاریب کے ریاست گیر پروگرام پر عمل آوری کیلئے ہدایات جاری کی جاسکیں۔ کلکٹر کانفرنس میں وزراء اور ضلع ایس پی شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تقاریب کے دوران دیہی علاقوں میں امکنہ اراضی کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ جولائی میں گروہا لکشمی اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا ۔ اسکیم کے رہنمایانہ خطوط طئے کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر نے جولائی میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری جاری رکھنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر 14 جون کو نمس کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ نمس کے توسیعی کاموں کے سلسلہ میں 2 ہزار بستروں پر نئی عمارت میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔ر