یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر کانگریس کی جانب سے آن لائن کوئز مقابلے

   

آنجہانی راجیو گاندھی کی برسی پر خراج، روہت چودھری اور ہنمنت راؤ کی شرکت

حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر کانگریس پارٹی کی جانب سے راجیو گاندھی یوتھ آن لائن کوئز مقابلوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ روہت چودھری اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کوئز مقابلوں کا پوسٹر جاری کیا۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر2 جون کو صبح 10 تا شام 6 بجے آن لائن کوئز مقابلے منعقد ہوں گے۔ 16 تا 35 سال کے افراد مقابلوں میں شرکت کرسکتے ہیں۔ رجسٹریشن کیلئے فون نمبر 7661899899 پر ایس ایم ایس یا مسڈ کال کرسکتے ہیں۔ روہت چودھری نے بتایا کہ حال ہی میں پرینکا گاندھی نے حیدرآباد میں تلنگانہ یوتھ ڈیکلریشن جاری کیا تھا جس کا نوجوانوں میں خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جائے گی۔ روہت چودھری نے بتایا کہ2 جون کو آن لائن کوئز مقابلوں میں ہر اسمبلی حلقہ سے 43 افراد کو ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ اسی طرح ہر اسمبلی حلقہ میں ایک خاتون کو الیکٹریکل بائیک کا انعام دیا جائے گا۔ کانگریس قائدین سے اپیل کی گئی ہے کہ کوئز مقابلوں میں شرکت کیلئے عوام میں شعور بیدار کریں۔ اسی دوران راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر انہیں کانگریس کی جانب سے خراج پیش کیا گیا۔ سوماجی گوڑہ میں واقع راجیو گاندھی مجسمہ پر روہت چودھری اور وی ہنمنت راؤ نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ ان قائدین نے ملک میں انفارمیشن ٹکنالوجی، ٹیلی کام اور پنچایت راج شعبوں کے علاوہ خواتین کو تحفظات اور 18 سال عمر کے نوجوانوں کو رائے دہی کا حق فراہم کرنے کے راجیو گاندھی کے فیصلوں کو یاد کیا گیا۔ روہت چودھری نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک کی ایکتا اور یکجہتی کیلئے اپنی جان قربان کردی۔ اس موقع پر سابق ایم ایل سی راملو نائیک، صدر خیریت آباد ضلع کانگریس روہن ریڈی، صدر سکندرآباد انیل کمار یادو اور نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن اور دوسرے موجود تھے۔ر