دیوبند۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)یوم جمہوریہ کے پیش نظر پورے ملک میں تیاریاں عروج پرہیں۔ اسی درمیان اترپردیش کے معروف تعلیمی ادارہ اورعالمی شہرت یافتہ مدرسہ دارالعلوم دیوبند نے یوم جمہوریہ سے قبل ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ دیوبند نے سبھی طلباء کو یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹرینوں میں سفرنہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ ہدایت نامہ دارالعلوم کے ہاسٹل انچارج کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔دارالعلوم دیوبند نے ہدایت دی ہے کہ 26 جنوری کے موقع پرچم کشائی کے بعد تمام طلباء اپنے ادارے میں واپس آجائیں اور ٹرینوں میں غیرضروری سفرنہ کریں۔ دارالعلوم کے مفتی اسد قاسمی نے کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پرکچھ طلباء اپنے دوست واحباب کے پاس گھومنے چلے جاتے ہیں۔ اس لئے غیرضروری سفرکرنے سے اجتناب کریں۔ دارالعلوم نے ان سبھی طلبا کو سخت ہدایت دی ہے کہ ایسے موقع پرکہیں سفرنہ کریں اور اگرکسی کوضرورت ہے تو سفرکرکے فوراً دارالعلوم دیوبند واپس آجائیں۔ واضح رہے اس دوران چیکنگ وغیرہ ہوتی ہے اور بلاوجہ پریشانی اٹھانی پڑتی ہے۔ اس کی وجہ سے ڈراورخوف کا ماحول پیدا ہوجاتا ہے۔ مفتی اسد قاسمی کے بموجب ناگہانی واقعات کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس لئے دارالعلوم دیوبند نے سبھی طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم جمہوریہ کے موقع پر غیرضروری سفر نہ کریں۔ دیوبند نے کہا کہ اگرسفرکوئی بھی طالب علم کرے تواس دوران کسی طرح کی بحث وغیرہ میں نہ پڑیں، صبرسے کام لیں اورسفر پورا کرنے کے بعد سیدھے مدرسہ واپس لوٹ آئیں۔ مدرسہ کے اس فیصلہ پر بی جے پی نے اعتراض کیا ہے۔ غیرضروری سفرسے اجتناب کرنے کی طالب علم کی ہدایت پر بی جے پی کے مقامی لیڈران نے دارالعلوم دیو بند پرتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا ہدایت نامہ جاری کرنا غیرضروری ہے۔ اس سے دارالعلوم کے رویہ اورنیت پرسوال اٹھتا ہے۔ واضح رہے کہ دارالعلوم انتظامیہ نے احتیاطی تدابیرکے طور پر یہ ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔