نئی دہلی: قومی راجدھانی میں 76 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ پروگراموں کا سلسلہ چہارشنبہ کی شام وجے چوک پر فوجی دستوں کے بیٹنگ ریٹریٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔وزارت دفاع کی ایک ریلیز کے مطابق اس بار بیٹنگ ریٹریٹ کی تقریب میں مسلح افواج کے تینوں ونگز، آرمی، نیوی اورایئر فورس اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے بینڈ نے قدم قدم پر مارچ کرتے ہوئے 30 دھنیں بجائیں۔ تقریب کیلئے چنی گئی تمام دھنیں دیسی ہیں۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزراء، سینئر حکام، معززین کے ساتھ ساتھ عام لوگوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز ماس بینڈ کی دھن ‘قدم قدم بڑھائے جا’ سے ہوا۔