یونان اشتعالی طرزعمل سے باز آ جائے: ترک وزیر دفاع

   

انقرہ : ترکیہ کے وزیر دفاع حلوصی آقار نے کہا ہے کہ ترکیہ، بحیرہ ایجئین میں درپیش مسئلے کے پْرامن حل کے حق میں ہے۔ضلع شرناک میں آقار نے حالیہ دنوں میں یونان کی طرف سے اٹھائے گئے اشتعالی اقدامات کے بارے میں بیان جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ “ہم چاہتے ہیں کہ یونان اس طرزعمل سے باز آ جائے اور مسئلے کو پْر امن طریقوں سے حل کر لیا جائے۔ اس کے لئے چاہیں تو وہ یہاں آ جائیں اور اگر چاہیں تو ہم یونان چلے جاتے ہیں لیکن جیسے بھی ہو ان مسائل کو حل کر لیں۔ ترکی کسی کے لئے بھی خطرہ نہیں ہے۔ درپیش تناؤ سے سب سے زیادہ نقصان یونانی عوام کو پہنچ رہا ہے۔بیان میں عراق میں جاری آپریشن کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے آقار نے کہا ہے کہ “ترک مسلح فورسز نے 27 ستمبر کو عراق کے شمال میں سرحد سے 140 کلو میٹر اندر آسوس کے علاقے میں دہشت گردوں کی16 غاروں، نام نہاد کمانڈ آفس اور پناہ گاہ کو نشانہ بنایا ہے۔