سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کے لیے حکومت پر اثر انداز ہونے کی اپیل
حیدرآباد۔9 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کے بعد یونیورسٹیز کے اساتذہ نے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کیلئے جدوجہد شروع کی ہے ۔ فیڈریشن آف یونیورسٹی ٹیچرس اسوسی ایشن کے نمائندوں نے ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی اور سرکاری ملازمین کی طرح یونیورسٹی اساتذہ کی وظیفہ کی عمر میں اضافہ کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کیلئے 58 سال کے بجائے 61 سال مقرر کئے گئے ، اسی طرح یو جی سی کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے یونیورسٹی ٹیچرس کی سبکدوشی کی عمر 65 سال مقرر کی جائے ۔ گورنر سے ملاقات کرنے والوں میں پروفیسر جی ویرنا ، پروفیسر سی ایچ وینکٹ رمنا دیوی ، پروفیسر بی وینکٹیشور راؤ اور دیگر اساتذہ شامل ہیں۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ وہ یو جی سی کی سفارشات پر عمل آوری کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ نمائندوں نے مارچ 2021 ء سے عمل آوری کا مطالبہ کیا ۔ گورنر کو بتایا گیا کہ ملک کی بیشتر یونیورسٹیز نے ٹیچرس کی سبکدوشی کی عمر 65 سال مقرر کی ہے۔ حکومت نے ریاستی یونیورسٹیز کے نان ٹیچنگ اسٹاف کی سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کردیا ہے اور مارچ سے ملازمین کو واپس طلب کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کے نتیجہ میں یونیورسٹیز میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے پروفیسر تروپتی راؤ کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے سبکدوشی کی عمر کو 65 سال کرنے کی سفارش کی۔ حکومت کو کمیٹی کی سفارش پر فی الفور عمل کرنا چاہئے ۔