نئی دہلی۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزارت برائے فروغ وسائل انسانی نے ساتویں مرکزی تنخواہ کمیشن کی سفارشات کے مطابق یونیورسٹیوں اور کالجوں کے اساتذہ اور ان کے مساوی عہدے کے تعلیمی عملے، رجسٹرار، فائنانس آفیسر اورکنٹرولر آف ایگزامنیشن کی تنخواہوں پر نظرثانی کے احکامات جاری کئے۔ ان اداروں میں مرکز کی مالی معاونت سے چلنے والے یونیورسٹی کے مساوی حیثیت کے ادارے بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں کے اساتذہ اور ان کے مساوی عہدے کے تعلیمی عملے ، رجسٹرار، فائنانس افسران اور کنٹرولر آف ایگزامنیشن کی تنخواہوں پر نظرثانی کے احکامات کا کافی مدت سے انتظار کیا جارہا ہے۔ یہ احکامات فوری طور سے نافذ العمل ہوگئے ہیں۔وائس چانسلر، پرو۔وائس چانسلر اور پوسٹ گریجویٹ کالجوں کے پرنسپل اورانڈرگریجویٹ کالجوں کے پرنسپلوں کا نظرثانی شدہ خصوصی ماہانہ بھتہ (اسپیشل الاؤنس) علی الترتیب 11250 روپئے، 9000 روپئے، 6750 روپئے ہے۔ امید ہے کہ ان احکامات کے نتیجے میں سینٹرل یونیورسٹیوں کے 30 ہزار اساتذہ اور ان کے مساوی عہدے کے علمی عملے اور یونیورسٹیوں کے مساوی اداروں (ڈیمڈ یونیورسٹیوں) کے 5500 اساتذہ اور ان کے مساوی عہدے کے علمی عملے کو فائدہ پہنچے گا۔ یہ ریاستی یونیورسٹیوں کے سات لاکھ اساتذہ کیلئے مثالی فیصلہ ثابت ہوگا۔