یوپی: اپوزیشن اتحاد 60سیٹوں پر جیت درج کرے گا: عآپ

,

   

لکھنؤ۔21مئی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر و راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے منگل کو سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی اور دعوی کیا کہ اترپردیش میں اپوزیشن اتحاد تقربیا 60 سیٹو ں پر جیت کا پرچم لہرایا گا۔عآپ لیڈر نے دعوی کیا کہ اس بار ایگزٹ پول غلط ثابت ہوں گے اور لوگوں کا اعتماد اس سے اٹھ جائے گا۔ یہ اک دم یقینی ہے کہ 23 مئی کو مرکز میں اپوزیشن کی حکومت بنے گی۔ایس پی سربراہ سے ملاقات کے بعدمیڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا‘‘ہم نے سنٹر میں نئی حکوت کی تشکیل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے ۔میرا ماننا ہے کہ یو پی میں اتحاد 60 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔ بی جے پی کو پورے ملک میں شکست فاش ہوگی۔ ایگزٹ پول غلط ثابت ہوں گے جیسا اس سے پہلے بھی ہوا ہے ۔عآپ لیڈر و اترپردیش کے انچارج نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح نریندرمودی اور امت شاہ کو مرکز میں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے سے روکناہے ۔اپوزیشن مرکز میں حکومت سازی کرے گا۔ملحوظ رہے کہ پیر کو مسٹر اکھلیش نے بی ایس پی سپریمو مایاوتی کی رہائش پر پہنچ کر ان سے الیکشن کے بعد کے حالات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ جبکہ سنیچر کو آندھرا پردیش کے وزیراعلی چندرا بابو نائیڈو نے لکھنؤ میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور بی ایس پی سپریمو مایاوتی سے ملاقات کر کے تیسرے محاذ کی حکومت کی تشکیل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔