یوپی : سیاستدانوں کی قیامگاہوں پر پری پیڈ الیکٹرک میٹرس

   

لکھنو ۔29 اکٹوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت اُترپردیش نے سیاستدانوں اور عہدیداروں کی قیامگاہوں میں پری پیڈ الیکٹرک میٹرس کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے جو ایسی شکایات کے پس منظر میں ہے کہ وہ بروقت بل ادا نہیں کرتے ہیں ۔ یوپی کے وزیرتوانائی شری کانت شرما نے کہاکہ ریاستی حکومت نے ایک لاکھ پری پیڈ میٹرس کی خریدی کیلئے آرڈر دیدیئے ہیں ۔ انھوں نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ کئی حکومتی محکمہ جات ، سیاستداں اور اعلیٰ افسران محکمہ توانائی کو 13 ہزار کروڑ روپئے واجب الادا ہیں ۔ریاستی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں 75ا ضلاع کے منجملہ 68 اضلاع میں برقی چوری کے کیسوں سے نمٹنے کیلئے اسپیشل پولیس اسٹیشنس کھولے گئے ہیں ۔ پری پیڈ الیکٹرک میٹرس نصب کرنے کی تجاویز ملک کی مختلف ریاستوں میں زیرغور ہیں ۔ یوپی اس اقدام کی شروعات کرنے والی پہلی ریاست بنی ہے ۔