کانگریس حکومت بننے پر روزگار پر خصوصی توجہ : پرینکا
لکھنؤ : کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وادڑا نے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کا پہلا خاتون انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے چہارشنبہ کو بتایا کہ خواتین کی سیاست میں شراکت داری کو یقینی بنانے کے ساتھ ہی کانگریس کی حکومت بننے پر روزگار میں بھی خواتین کو 40فیصدی ریزرویشن دیا جائے گا۔ پرینکا نے دعوی کیا کہ ہندوستانی سیاست کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی سیاسی پارٹی نے علیحدہ خاتون انتخابی منشور جاری کیا ہو۔ انہوں نے اترپردیش سے اس کا آغاز ہونے کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے مثبت نتائج ملنا بھی شروع ہوگئے ہیں۔ پرینکا نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات کو کانگریس کے 40فیصدی ٹکٹ خواتین کو دینے کے اعلان کے نتیجے میں ابھی تک ٹکٹ کیلئے خواتین امیدوار کی تعداد مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 100سیٹوں پر پارٹی نے امیدوار تیار کرلئے ہیں۔ ان میں 60خواتین اور 40مردشامل ہیں۔آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے پرینکا نے کہا کہ پارٹی کی اس پہل سے یقینا دوسری سیاسی پارٹیوں پر بھی خواتین کی شراکت داری کو بڑھانے کا دباؤ پڑے گا۔ خواتین کی شراکت داری کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ‘عزم مصمم،رحم دلی،ہمت یہ خواتین کی صفات ہیں ہم چاہتے ہیں کہ یہ صفات سیاست میں بھی درآئیں۔