یوپی میں لائٹ ہاوس آئی ٹی آئی و پالی ٹیکنیک منصوبہ کا جلد آغاز

   

لکھنؤ:پیشہ ورانہ اور تکنیکی تعلیم کے شعبے میں ایک اہم پہل کرتے ہوئے اترپردیش حکومت اسپیشلائزڈ لائٹ ہاوس پالی ٹیکنک اور آئی ٹی آئی کا قیام کررہی ہے اور جلد ہی یہ فعال بھی ہوجائیں گے ۔ سرکاری ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ شعبہ تعلیم کے تمام محکموں کی طرف سے دیے گئے ایکشن پلان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کورس کا آغازاگلے 100 دنوں میں ہوجائے گا۔ ڈرون ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا سائنس، مشین لرننگ، انٹرنیٹ آف تھنگز، سولر انرجی وغیرہ سے متعلق کورسز میں داخلے شروع کیے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ چھ مہینوں میں پانچ لائٹ ہاؤس آئی ٹی آئی قائم کئے جائیں گے جوکئی خصوصیات کی حامل ہوں گی۔ ریاست میں اس وقت فعال 15 سے 20 سرکاری آئی ٹی آئی کو بھی لائٹ ہاؤس آئی ٹی آئی کے طور پر تیار کیا جائے گا، جومتعلقہ تجارت کے لیے دیگر اداروں کے لیے ترغیب کا باعث ہوں گے ۔ان میں خصوصی مہارت یا طلب کے لحاظ سے کسی ایک یا دو ٹریڈ کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ان ٹریڈز کا انتخاب ریسرچ کرکے و ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ ان لائٹ ہاؤس آئی ٹی آئیز کو توانائی کے تحفظ کے لیے کلین اینڈ گرین کیمپس بنایا جائے گا۔