یوپی میں نئی حکومت کی تشکیل کیلئے سرگرمیاں تیز، یوگی کی آج دہلی آمد

   

لکھنو:اتر پردیش میں شاندار فتح کے بعد اب بی جے پی نے ریاست میں حکومت تشکیل دینے کے لیے سرگرمیاں تیزکر دی ہیں۔ حکومت کی شکل اور کابینہ تشکیل دینے سے متعلق تبادلہ خیال کرنے کے لیے یوپی کے کارگزار وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اتوار یعنی 13 مارچ کو دہلی کا دورہ کریں گے۔ میڈیاکے مطابق دہلی دورے کے دوران یوگی ‘ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کیقومی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس ملاقات کے دوران یوگی آدتیہ ناتھ کابینہ میں شامل کیے جانے والے چہروں کے ساتھ ساتھ حلف برداری تقریب کے لیے تاریخ سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔ حکومت تشکیل دینے کیلئے اتوار سے ہی بی جے پی کے ریاستی قائدین کے ساتھ میٹنگ کا دور بھی شروع ہو جائے گا۔
دہلی میں قومی اور اتر پردیش کے لیڈروں کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ ہی ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ اور پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری سنیل بنسل بھی موجود رہیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اتر پردیش کی طرف سے حلف برداری کی تاریخوں کو لے کر بی جے پی کے اعلیٰ لیڈران کو کچھ مشورے دیے گئے ہیں، جس کے بارے میں دہلی کی میٹنگ میں آخری فیصلہ لیا جائے گا۔