لکھنو : اُترپردیش اے ٹی ایس نے زائد از 1000 افراد کے مذہب کی مبینہ طورپر جبری تبدیلی کے معاملے میں دہلی کے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ بتایا گیا کہ دونوں ملزمین عمر گوتم اور جہانگیر نے تقریباً 1000 غیرمسلموں کا مذہب تبدیل کرتے ہوئے اُنھیں اسلام قبول کرایا۔ ایک ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ جامعہ نگر کے باٹلہ ہاؤس کا متوطن ہے اور خود اُس نے اپنا مذہب تبدیل کرلیا ہے ۔ یوپی اے ڈی جی (لاء اینڈ آرڈر ) پرشانت کمار نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ ریاست میں تبدیلی مذہب کی ٹولی کام کررہی ہے جو لوگوں کو جبراً اسلام قبول کروارہی ہے ۔ پولیس عہدیدار نے تصدیق کی کہ ابھی تک لگ بھگ 1000 افراد کا مذہب تبدیل کرایا جاچکا ہے ۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ یہ دونوں ملزمین غریب خاندانوں ، بیروزگار نوجوانوں اور معذورین کو نشانہ بناتے رہے ۔