یوپی کا سیریل کلر اب بھی گرفتار نہیں ہوا

   

نئی دہلی: گذشتہ منگل کو جب شمالی ریاست اترپردیش کے بریلی ضلع میں گنے کے کھیت سے ایک خاتون کی نعش برآمد ہوئی تو پچھلے سال اسی طرح کے قتل کی کم از کم نو وارداتوں کی یاد تازہ ہوگئی۔پولیس ابھی گزشتہ سال ہونے والے قتل کے نو معاملے کو سلجھانے میں لگی ہوئی تھی کہ یہ تازہ معاملہ سامنے آیا ہے۔تازہ معاملہ ڈکیتی کا ہے یا وہ سیریئل کلر پھر سے اپنے مشن پر نکل پڑا ہے جس نے 2023 میں جون سے دسمبر کے درمیان تقریبا چھ ماہ میں نو خواتین کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ان سب کی موت کا ایک ہی طریقہ کار تھا اس لیے اسے متعدد لوگوں کی کارستانی کے بجائے کسی ایک سیریل کلر کا کام بتایا جا رہا ہے۔بہر حال تازہ واقعہ بریلی کے شاہی تھانہ علاقہ کے بوجھیا جاگیر گاؤں کے پاس شیر گڑھ کے رہائشی سومپال کی 45 سالہ بیوی انیتا کے قتل کا ہے۔ انیتا کو قتل کر کے لاش کو گنے کے کھیت میں پھینک دیا گیا تھا۔منگل کی شام جب گاؤں والوں نے نعش دیکھی تو پولیس کو اطلاع دی۔ ابتدائی طور پر اس قتل کو گذشتہ سال کے اس سلسلہ وار قتل کی کڑی بتایا جا رہا ہے جس میں کم از کم نو خواتین ہلاک ہو گئی تھیں۔ان تمام خواتین کو ان کی ہی ساڑی سے گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا تھا۔ لیکن انیتا کے معاملے میں رقم لوٹنے کا بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اب پولیس کیلئے یہ ایک چیلنج ہیکہ وہ اس معاملے کو کس طرح حل کرتی ہے۔