یوکرینی صدر اور خاتون اوّل کو میگزین کیلئے فوٹوشوٹ کرانا مہنگا پڑ گیا

   

کیو: امریکی میگزین کیلئے فوٹو شوٹ کروانے پر جنگ زدہ ملک یوکرین کے صدر اور خاتون اوّل تنقید کی زد میں آگئے۔میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور ان کی 44 سالہ اہلیہ اولینا ریلنسکا نے امریکی میگزین ووگ کو خصوصی انٹرویو دیا جس کیلئے اپنے گھر کے علاوہ تباہ شدہ گاڑیوں، عمارتوں اور املاک کیساتھ فوٹو شوٹ کروایا جو باعث تنقید بنا۔ میگزین کیلئے بنائی تصاویر میں ولادیمیر زیلنسکی اور ان کی اہلیہ کو گھر کے اندر ایک دوسرے کے قریب بیٹھے دکھایا گیا جبکہ دوسری تصویر میں انہوں نے ہاتھ پکڑے ہوئے پوز دیے۔ ایک اور تصویر میں اولینا کو ایک تباہ حال فوجی گاڑی کے ساتھ کھڑے ہوئے دکھایا گیا جبکہ چوتھی تصویر میں اولینا نے ایک عمارت کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر تصویر بنوائی۔ اس تصویر کو ووگ میگزین نے یوکرین کی خاتون اول کی‘‘بہادری کی تصویر’’قرار دیا اور میگزین کے آن لائن ایڈیشن کا سرورق بھی بنایا۔